فرصت کے لمحات
فرصت اورصحت اللہ کی نعمتوں میں سے دو عظیم نعمت ہے ۔ بڑا ہی خوش قسمت ہے وہ انسان جس کو یہ دونعمتیں بیک وقت میسر ہوں..... فرصت وہ لمحہ ہے جو انسان کو عام طور پر کسب معاش اور دیگر ضروریات و فرائض ادا کرنے کے بعد حاصل ہوتا ہے۔ان لمحات کو ہر انسان اپنے انداز،مرضی،مزاج اور ماحول کے حساب سے گزارنا پسند کرتا ہے۔ اور چونکہ مزہ بھی اسی میں ہے ۔ جن لوگوں نے وقت اور فرصت کے لمحات کی قدر نہ کی اور سوشل میڈیا کے بےدریغ استعمال، بے تحاشہ سونے،بیجا قسم کے لہوولعب، بیکارکی سیروتفریح، اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر خوش گپوں، لا یعنی وفضول کی گفتگو،غفلت، سستی اور دوسرے کے نکتہ چینی وغیبت میں اپنی قیمتی اوقات کو ضائع کردیا تو بعد میں سوائے مایوسی اور ندامت کے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔اور جن لوگوں نے وقت اور فراغت کے لمحات کی قدر کی اس کا مناسب استعمال کیا تو یقیناً وہ کامیاب وکامران ہوا اور اپنی مستقبل کو سنوار لیا۔
انسانی زندگی میں وقت کی بڑی اہمیت ہے یہ بہت بڑی دولت ہے چونکہ انسان وقت پر منحصر ہے وقت انسان پر نہیں اور یہ بات سچ ہے کہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا ہے سکنڈ ،منٹ،گھنٹہ، دن، ہفتہ،مہینہ اور سال آسانی سے گزر جاتا ہے لیکن انسان کو اس کا احساس تک نہیں ہوپاتا ہے۔ یاد رکھیے! انسان دنیا کی ہر کھوئی ہوئی چیز خرید سکتا ہےاور واپس لا سکتاہے لیکن وقت نہ کبھی واپس لایاجاسکتا ہے اور نہیں خریدا جاسکتا ہے یہی وجہ ہے کہ وقت کی مثال تیز دھوپ میں رکھی ہوئی برف کی اس سل سےدی جاتی ہے کہ جس سے فائدہ حاصل کیا تو ٹھیک ورنہ وہ تو پگھل ہی جائے گی۔سلف کا مشہور قول ہےکہ "الوقت کالسیف لم تقطعہ لقطعک"۔ (وقت تلوار کی مانند ہے اگر تم اسے نہیں کاٹو گے تو وہ تمہیں کاٹ دے گا) ۔نپولین بونا پارٹ نے بھی کیا ہی اچھی بات کہی ہے کہ l May lose a battle but I shall never lose a minute
محترم قارئین: جس طرح آج پوری دنیا کورونا وائرس جیسی مہلک آفت کا شکار ہے ٹھیک اسی طرح ہم ضیاع وقت کی آفت کا شکار ہیں۔ حکومت ہند نے کورونا وائرس سے بچنے اور اس کے نہ پھیلنے کے مقصد سے پورے ہندوستان کو لاک ڈاؤن کر دیا ہے۔ ایسی حالت میں سوائے چند کے تقریباً سب لوگ اپنے گھروں کے اندر ہی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ اس کو اگر مثبت پہلو سے دیکھیں تو اللہ نے ہمیں فرصت وفراغت کا ایک اچھا موقع دیا ہے۔ آیا کہ ان لمحات کو محض " فرصت " سمجھ کر برباد کر دیا جائے یا یہ کہ اسے ایسے کام میں لایا جائے کہ آپ کے مصروفیت والے اوقات سے زیادہ فائدہ مند اور سود مند ثابت ہو اور اس کا ثمراس سے زیادہ خوش کن بن جائے ۔
فرصت کے ان لمحات میں ہم اپنےوقتوں کی منصوبہ بندی کریں اور پھر اس کو اچھے مشغلے میں لاکر دل وذہن کو سکون دیناچاہیےاور تناؤ سے بچاناچاہیے،خامیوں کی شناخت کر کے اس کو دور کرنا چاہیے،اپنی اصلاح اور دوسروں کی اصلاح و تربیت کرنی چاہیے،جو زبانیں اور مضامین مشکل لگتا ہو اس پرمحنت کرکے عبور حاصل کرنا چاہیے، دینی ودنیوی معلومات میں اضافہ کرنے کے لیے اچھی اور مفید کتابوں کا انتخاب کرکے مطالعہ کرنا چاہیے،آن لائن کلاسیز دستیاب ہے طالب علم کو اس سے فائدہ حاصل کرناچاہیے، اپنی خداداد صلاحیتوں کو مزید پروان چڑھانا چاہیےاور ساتھ ساتھ فرصت کےلمحات کا استعمال اللہ کی عبادت اور اس کے اذکار میں گزارتے رہنا چاہیے جس سے اللہ کی خوشنودی حاصل ہوگی۔یوں آپکی شخصیت میں نکھار آجائےگا اور آپ کامیابی وکامرانی سے ہمکنار ہوں گے۔
عامر عثمانی سلفی
ایم ایڈ اسکالر، مانو کالج آف ٹیچر ایجوکیشن دربھنگہ

ماشاء اللہ بہت ہی اچھی تحریر ہے
ReplyDelete